رائیونڈ آپریشن میں ہلاک دوسرے دہشت گرد کی شناخت بھی ہو گئی

دہشت گرد کی شناخت 22 سالہ محمد طفیل کے نام سے ہوئی جو القاعدہ کے مقامی نیٹ ورک کا رکن تھا


ویب ڈیسک July 18, 2014
گزشتہ روز رائیونڈ میں ایلیٹ فورس سے مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے دوسرے دہشت گرد کی شناخت محمد طفیل کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق القاعدہ کے مقامی نیٹ ورک سے ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر ایلیٹ فورس سے مقابلے میں مارے جانے والے دوسرے دہشت گرد کی شنا خت 22 سالہ محمد طفیل کے نام سے ہوئی ہے۔ محمد طفیل کا تعلق پاک پتن سے ہے اور وہ القاعدہ کے مقامی نیٹ ورک کا رکن تھا جس میں بہت سی خواتین سمیت پورے کے پورے خاندان بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں نے چند روز قبل یاسمین نامی خاتون کو شک کی بناء پر حجرہ شاہ مقیم سے حراست میں لیا جس کی نشاندہی پر علی شان نامی نوجوان گرفتار ہوا جس سے بڑی تعداد میں ڈیٹونیٹر، دستی بم، ٹائم ڈیوائسز اور دھماکا خیز مواد، کیمیکل اور پولیس کی وردیاں بھی برآمد ہوئیں اور پھر لاہور کے علاقے سےحجرہ شاہ مقیم سے ہی حراست میں لئے گئے آزاد خان نے احسن محبوب اور محمد طفیل کی نشاندہی کی جس کے بعد 2 روز قبل ایلیٹ فورس کے جوانوں نے رائے ونڈ میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوئے جب کہ حملے میں دونوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔

رائیونڈ میں ایلیٹ فورس سے مقابلے میں مارے جانے والے پہلے دہشت گرد کی شناخت حجرہ شاہ مقیم کے احسن محبوب کے نام سے ہوئی تھی جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں