حکومت کو ہر صورت بجلی کے بلوں میں کمی لانا ہو گی امیرجماعت اسلامی

ضرورت کے مطابق مسلم لیگ (ن)، پی پی پی، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کے پاس جائیں گے، حافظ نعیم الرحمان


ویب ڈیسک October 13, 2024
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ارکان سے آن لائن خطاب کیا—فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو ہر صورت بجلی کے بلوں میں کمی لانا ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی زیرصدارت کا ملک بھر میں موجود ارکان کا آن لائن اجلاس ہوا، جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر سے 47 ہزار مرد اور 7 ہزار خواتین ارکان نے آن لائن اجتماع ارکان میں شرکت کی۔

ارکان سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک کا مقصد عوام کو حق دلانا ہے، جب تک راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوگا جہدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ممبرشپ مہم میں عوام کی بڑے پیمانے پر دلچسپی خوش آئند ہے، جماعت اسلامی کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں اور عوام سے اپیل ہے کہ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرکے پُرامن مزاحمتی تحریک کا حصہ بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں اپنے ہی پلیٹ فارم سے سیاست کرے گی، عوامی تحریک ہو یا کوئی مؤقف ہو یا تحریک چلانا ہو جماعت اسلامی اپنے ہی پلیٹ فارم سے سیاسی مزاحمت کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم ضرورت کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام جماعتوں کے پاس جائیں گے اور ملاقاتیں بھی جاری رکھیں گے لیکن جماعت اسلامی اپنی پالیسی کے مطابق انتخابات میں کسی بھی پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ہر صورت بجلی کے بلوں میں کمی لانا ہو گی اور مزید آئی پی پیپز کے معاہدوں کو ختم کر کے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں