پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ہونیوالی فوجی پریڈ کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

جشن آزادی کی تقریب کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی پاک فوج کے سپرد ہوگی،ذرائع

جشن آزادی کی تقریب کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی پاک فوج کے سپرد ہوگی،ذرائع،فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
یوم آزادی پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ہونے والی فوجی پریڈ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی بھی پاک فوج کے سپرد ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق 14 اگست کو جشن آزادی کی مرکزی تقریب کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر منعقد ہونےوالی فوجی پریڈ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ سی ڈی اے نے پریڈ کے لئے بجٹ کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی تقریب کا اسٹیج پارلیمنٹ ہاؤس اور کیبنٹ سیکریٹریٹ کے درمیان بنے گا جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی کے انتظامات پاک فوج سنبھالے گی اور تقریب کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔


جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم نوازشریف،صدر مملکت ممنون حسین،آرمی چیف جنرل راحیل شریف،وفاقی کابینہ کے اراکین اور سفیران سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس بار جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے لئے دو ہفتے تک صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ یوم آزادی پر پہلی بار پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے فوجی پریڈ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
Load Next Story