پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا

ویب ڈیسک  پير 14 اکتوبر 2024
لاپتا فضائی میزبان کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ترجمان پی آئی اے:فوٹو:فائل

لاپتا فضائی میزبان کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ترجمان پی آئی اے:فوٹو:فائل

  کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن ( پی آئی اے) کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا ہوگیا۔

پی آئی اے کا فضائی میزبان محسن رضا کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں لاپتا ہوا۔ محسن رضا کو 13 اکتوبر کو کراچی کی پرواز کے لیے رپورٹ کرنا تھا۔ پی کے 784 پر تعینات فضائی میزبان پرواز سے قبل ہوٹل میں موجود نہیں تھا۔ اسلام آبادسے تعلق رکھنے والے فضائی میزبان کے لاپتا ہونے کا انکشاف پرواز کے لئے رپورٹ نہ کرنے پر ہوا۔

ایک سال کے دوران ٹورنٹو میں مبینہ سلپ ہونے والے پی آئی اے فضائی میزبانوں کی تعداد 12 سے زائد ہو گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی میزبانوں کے پاسپورٹس ٹورنٹو میں ائیر لائن حکام کے پاس جمع کروانے کی پالیسی کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے لاپتا کریو کےمتعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ قصوروار ثابت ہونے پر ائیر لائن قوانین کے تحت سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی جس میں ملازمت سے برخاستگی بھی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔