بہترین کارکردگی پر کمپنی نے ملازمین کو 9 دن کی چھٹی دے دی

 ممبئی: آج کل کے ایسے وقت میں جب بہت سے ملازمین زیادہ کام کرنے کے باوجود ناقدری محسوس کرتے ہیں، ایسے میں ایک بھارتی ای کامرس پلیٹ فارم میشو اپنے تمام ملازمین کو نو دن کی چھٹیاں دینے کیوجہ سے سرخیاں بنا رہا ہے۔

26 اکتوبر سے 3 نومبر تک طے شدہ یہ چھٹیوں کا شیڈول ملازمین کو ورک کالز، میسجز اور میٹنگز سے مستثنیٰ قرار دے گا۔ یہ اقدام 2024 میں کمپنی کی کامیاب فروخت کی کارکردگی کے بعد ملازمین کو آرام دینے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔

لنکڈ ان پوسٹ کے ذریعے شیئر کیا گیا یہ واقعہ کمپنی کی جانب سے اس سال فراہم کردہ مسلسل چوتھے وقفے کی نشاندہی کرتا ہے۔ پوسٹ میں میشو پلیٹ فارم نے کام اور گھریلو زندگی کے توازن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی لیپ ٹاپ، سلیک میسجز، ای میلز، میٹنگز یا اسٹینڈ اپ جیسے دفتری کام نو دن تک ملازموں کو نہیں دیے جائیں گے۔

میشو نے مزید کہا کہ ملازمین کے ‘ری سیٹ اور ریچارج’ ہونے کا یہ بریک 26 اکتوبر سے 3 نومبر تک ہوگا۔

کمپنی کے مطابق یہ وقفہ صرف ایک انعام نہیں ہے بلکہ ملازمین کو ایک مشکل سال کے بعد ری چارج کرنے کا موقع بھی ہے۔ اس سال کی کوششوں اور ہماری کامیاب میگا بلاک بسٹر سیل کے بعد اب آرام کرنے کا وقت آگیا ہے۔

پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ یہ وقفہ ہمارے لیے اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے ذہنوں اور جسموں کو نئے سال کے آغاز کے لیے ری چارج کریں۔