اراکین اسمبلی کی سہولت کیلیے چاروں صوبائی اسمبلیوں میں خصوصی پاسپورٹس دفاتر قائم

  اسلام آباد: اراکین اسمبلی کی سہولت کے لیے چاروں صوبوں کی اسمبلیوں میں خصوصی پاسپورٹس دفاتر قائم کردیے گئے۔ 

پنجاب اسمبلی میں پاسپورٹ آفس کا افتتاح اسپیکر اسمبلی ملک احمد خان نے کیا جبکہ سندھ اسمبلی میں قائم پاسپورٹ ڈیسک کا افتتاح اسپیکر سندھ اسمبلی نے کیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا گیا، خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاسپورٹ ڈیسک کی افتتاحی تقریب میں ڈی جی پاسپورٹ بھی شریک ہوئے۔

بلوچستان اسمبلی میں بھی پاسپورٹ آفس کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں میں پاسپورٹ دفاتر کا قیام اراکین کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا، جدید پاسپورٹ دفاتر میں بروقت اور باآسانی پاسپورٹ پراسس ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ملک بھر میں پاسپورٹس کے بروقت اجرا کے لیے کوشاں ہیں، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر نئے جدید پرنٹرز منگوائے گئے ہیں جن سے پاسپورٹس کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہوجائے گا۔