کاجول اور کیرتی سینن کی نئی فلم ’دوپتی‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری

 ممبئی: نیٹ فلکس کی سنسنی خیز فلم ’دو پتی‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا جس میں کاجول پہلی بار ایک پولیس انسپکٹر کے کردار میں نظر آئیں گی۔

فلم میں کیرتی سینن نے ایک منفرد ڈبل رول ادا کیا ہے جس میں وہ جڑواں بہنوں ساومیا اور شیلی کا کردار نبھا رہی ہیں۔ فلم کی ہدایات ششانکا چترویدی نے دی ہیں جبکہ کہانی اور پروڈکشن کنیکا ڈھلون کی کتھا پکچرز اور کیرتی سینن کی بلیو بٹر فلائی فلمز کے بینر تلے ہوئی ہے۔

’دو پتی‘ کی کہانی ایک خیالی پہاڑی شہر دیوی پور میں ترتیب دی گئی ہے، جہاں پولیس انسپکٹر ودیا جوتی (کاجول) کو کچھ پراسرار واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ساومیا (کیرتی سینن) اور اس کے شوہر دھرو سُود (شاہیر شیخ) کے گرد گھومتے ہیں۔ جب ساومیا کی جڑواں بہن شیلی وہاں پہنچتی ہے تو واقعات مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں، اور ودیا جوتی کو ہر بات پر شک ہونے لگتا ہے۔



View this post on Instagram

A post shared by Kriti (@kritisanon)

کیرتی سینن نے فلم کے بارے میں کہا، “دو پتی میرے لیے بہت خاص ہے کیونکہ یہ میری پہلی فلم ہے جس میں میں نے بطور پروڈیوسر کام کیا ہے۔ اس فلم میں مجھے اپنے دوہری کردار ادا کرنے کا موقع ملا جو بہت دلچسپ تجربہ رہا۔”

کاجول نے اپنے نئے کردار کے حوالے سے کہا، “بطور اداکارہ میں ہمیشہ ایسے کرداروں کی تلاش میں رہتی ہوں جن سے میری اپنے ناظرین سے جڑت بن سکے۔ پہلی بار پولیس انسپکٹر بن کر کام کرنا ایک نیا اور دلچسپ تجربہ تھا۔”

’دو پتی‘ 25 اکتوبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی، جس میں تنوی عظمی، برجندر کالرا، ویوک مشران سمیت دیگر معروف اداکار بھی شامل ہیں۔