کراچی؛ ٹریفک حادثات میں4 افراد جاں بحق، ایک نوجوان شدید زخمی

اسٹاف رپورٹر  پير 14 اکتوبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے فلائی اوور پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عدیل نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 22 سالہ احمر کے نام سے کی گئی، شدید زخمی 17 سالہ حسان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہونے کی وجہ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر ہی ہے۔

کورنگی چمڑا چورنگی پر مقامی کمپنی کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا جسے نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماری تھی جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔

قائد آباد کے علاقے لانڈھی زون میں ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لائی گئی ، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 60 سالہ ندیم کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جسے نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری تھی۔

دریں اثنا ماڑی پور روڈ آئی سی آئی چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لے جائی گئی ، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 45 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ متوفی راہگیر تھا جسے نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماری تھی تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔