دادو زمین کے تنازع پر چچا نے فائرنگ کرکے دو بھتیجوں کو قتل کرڈالا
واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، پولیس
زمین کے تنازع پر چچا اور بھتیجوں کے درمیان جھگڑے میں فائرنگ سے دو نوجوان بھتیجے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ضلع دادو کی حدود میں واقع گاؤں امام بخش بھنڈ میں زمین کے تنازع پر چچا اور بھتیجوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، اس دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوان بھتیجے مختیار علی اور محمد حنیف بھنڈ جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نعشیں ڈی ایچ کیو اسپتال دادو منتقل کردیں، جہاں سے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں، تاہم ملزمان اپنا گھر بار چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔