شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا، ایف پی سی سی آئی

خصوصی رپورٹر  پير 14 اکتوبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پاکستان کے لیے حقیقی گیم چینجر اور اہم سنگ میل ثابت ہو گا، پوری پاکستانی قوم چینی وزیراعظم سمیت ایس سی او کانفرنس کے لیے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔ 

ایس سی او کے رکن ممالک کو اجلاس کے دوران اقتصادی روابط بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اس حوالے سے پیر کو یہاں سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے مثال ہے چین کے تعاون سے پاکستان میں جلد معاشی استحکام آئے گا۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کے لیے حقیقی گیم چینجر اور اہم سنگ میل ثابت ہو گی، چین ، روس سمیت دیگر ممالک کے سربراہان کی آمد پاکستان پر عالمی دنیا کے اعتماد کی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کے کامیاب دورے اور اب ایس سی او اجلاس سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج جائیگا، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس معاشی بحالی ،علاقائی ممالک کیساتھ تعلقات بڑھانے کا اہم موقع ہے پاکستان معاشی سفارتکاری کے ذریعے دیگر ممالک کیساتھ تجارت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔