سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2024 کے امتحان میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلیے کمیٹی بنادی

  کراچی: سندھ حکومت نے ایم ڈی کیٹ 2024 میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی امتحانی عمل کی شفافیت اور امیدواروں کے اعتراضات کا جائزہ لے کر 15 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2024 میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر سندھ حکومت نے تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطح پر کمیٹی تشکیل دی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بنائی گئی اس 6 رکنی کمیٹی کی سربراہی چیئرپرسن چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم ڈاکٹر شیریں مصطفیٰ کر رہی ہیں جبکہ دیگر اراکین میں سیکریٹری مذہبی امور محمد مرید رحیمو، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سائبر کرائم مجاہد اکبر خان، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ایکٹنگ رجسٹرار ڈاکٹر شائستہ فیصل اور آئی بی اے سکھر و کراچی کے ماہرین شامل ہیں۔

کمیٹی کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا اور امیدواروں کے اعتراضات کا جائزہ لینا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ چیف سیکریٹری سندھ کو پیش کرے گی۔