چینی وزیراعظم کی عسکری قیادت سے ملاقات، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں حمایت کی یقین دہانی
چینی وزیراعظم لی چیانگ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی ہے، آئی ایس پی آر
چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی پاکستان کی عسکری قیادت سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستانی عسکری حکام سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس کے ساتھ اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط، گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح
ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان دفاع اور دہشتگردی کے حوالے سے امور بھی زیر بحث آئے۔ چین کے وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور اس جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت اور مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔