ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی، 19 ویں روز تھیٹر ’ہیملیٹ کی خود کلامی‘ پیش

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 38روزہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ ثقافتی رنگینیاں سمیٹتے ہوئے آب و تاب سے جاری ہے۔

فیسٹیول کے 19ویں روز تھیٹر’ہیملیٹ کی خودکلامی‘ پیش کیا گیا جس کے ہدایت کار و لکھاری پیرزادہ سلمان ہیں۔ جبکہ خود پیرزادہ سلمان اور خضر سلمان نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ہال میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو  فنکاروں کی اداکاری سے محظوظ ہوئی، پلے میں شیکسپیئر کے مشہور سانحہ، جس میں ڈنمارک کے شہزادے ہیملیٹ کی کہانی بیان کی گئی ہے۔

ڈرامہ ہیملیٹ کے سات monologues (خودکلامیوں) پر مبنی ہے۔ ہیملیٹ ان monologues کے ذریعے اپنے اندرونی خیالات اور احساسات کا اظہار کرتا ہے۔

یہ پلے ان سات تقاریر کی لازوال اہمیت کو 21 ویں صدی کی دنیا بالعموم اور بالخصوص پاکستان میں مختلف شخصیات اور حالات کے حوالے سے پیش کرتا ہے۔ اسٹیج کے دائیں کونے میں ایک داستان گو (جس کا کردار پیرزادہ سلمان ادا کر رہے ہیں) میز پر بیٹھا ہوا اپنی ذاتی زندگی کے سفر کو سات مراحل میں بیان کرتا ہے۔

ہر مرحلے کے ساتھ ہیملیٹ (جس کا کردار خضر سلمان ادا کر رہے ہیں) اسٹیج پر آتا ہے اور متعلقہ monologue پیش کرتا ہے، دونوں کرداروں کے درمیان ایک بڑی اسکرین لگائی گئی ہے، جہاں ان شخصیات کی تصاویر دکھائی جائیں گی جس کا داستان میں ذکر کیا جاتا ہے۔

واضح رہے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ 2 نومبر تک جاری رہے گا جس کے ٹکٹ آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

آرٹس کونسل کے ممبران 50 فی صد رعایت پر آرٹس کونسل سے باآسانی ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔