چڑیا گھر اور سفاری پارک کی فیسوں میں اضافے کی منظوری

دونوں تفریح گاہوں میں داخلہ فیس20 روپے اور بچوں کیلیے انٹری فیس 10 روپے کردی گئی، دیگر تفریحی شوز کی فیس بھی بڑھادی


Staff Reporter July 18, 2014
جانوروں کی دیکھ بھال، خوراک، دواؤں کی خریداری اورعملے کی تنخواہ و دیگر بڑھتے اخراجات کے باعث فیس میں اضافہ کیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے حکومت سے تفویض کردہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں داخلہ اور دیگر فیسوں میں اضافے کی منظوری پر مبنی قرارداد کی منظوری دیدی جس کے مطابق چڑیا گھر اور سفاری پارک میں داخلہ فیس 10 روپے سے بڑھا کر 20 روپے اور بچوں کے لیے انٹری فیس 5 روپے سے بڑھاکر 10 روپے کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجودہ داخلہ فیس اور دیگر مدات میں فیس کے نرخ کافی پرانے ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سخت مالی بحران کے باوجود ان دونوں بڑی تفریح گاہوں کی خوبصورتی اور ترقی کے حوالے سے خطیر رقم مسلسل خرچ کر رہی ہے تاکہ کراچی کے شہریوں کو شہر کے قلب میں بہترین محفوظ تفریحی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جاسکے، اس ضمن میں دیگر سہولتوں کے ساتھ ساتھ قیمتی اور نادر جانوروں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

مزید برآں بلدیہ عظمیٰ کراچی کو جانوروں کی دیکھ بھال، خوراک کی فراہمی، دوائوں کی خریداری اور عملے کی تنخواہ وغیرہ کی مد میں غیر معمولی رقم خرچ کرنی پڑتی ہے،بڑھتی ہوئی مہنگائی اور محدود وسائل کی وجہ سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ان اخراجات کو پورا کرنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا ان مسائل سے نبرد آزما ہونے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کا مالی بوجھ بانٹنے کے لیے ڈائریکٹر سفاری پارک و کراچی چڑیا گھر نے سفاری پارک اور چڑیا گھر میں داخلہ فیس کے نرخ میں مناسب اضافے کی تجاویز پیش کیں۔

اخبارات کے ذریعے عوام سے رائے طلب کی گئیں اور مشیر مالیات، سینئر ڈائریکٹر سی ایس آر، ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری و الہٰ دین پارک پر مشتمل افسران کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے طریقہ کار کے مطابق موجودہ اور مشتہر شدہ مجوزہ اضافی فیسوں کے گوشواروں کا جائزہ لینے اورسفاری پارک و کراچی زوکے ڈائریکٹرز کی سفارشات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نرخوں میں اضافے کی سفارش کی جس کے مطابق سفاری پارک میں گیٹ انٹری فیس7سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 روپے سے بڑھا کر 10 روپے جبکہ بالغان کے لیے 10 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کی گئی ہے۔

کراچی چڑیا گھر میں 12 سال تک کی عمر کے افراد کے لیے گیٹ انٹری فیس 5 روپے سے بڑھا کر 10 روپے اور بالغان کے لیے 10 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کردی گئی،اس کے علاوہ چڑیا گھر میں نیچرل ہسٹری میوزیم کی انٹری فیس 12 سال تک کے بچوں کے لیے3 روپے کی جگہ 5 روپے اور بالغان کیلیے 5 روپے کی جگہ 10 روپے جبکہ ریپٹرائل ہائوس کی انٹری فیس 12 سال تک کی عمر کے افراد کے لیے 3روپے سے بڑھا کر 5روپے اور بالغان کے لیے 5 روپے سے بڑھا کر 10 روپے اور ممتاز محل شوکی انٹری فیس 5 روپے سے بڑھا کر 10 روپے کردی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں