ایس سی او سربراہ اجلاس؛ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان پہنچ گئے

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2024
بھارتی وزیر خارجہ کی اسلام آباد ایئرپورٹ آمد کا منظر (فوٹو : ویڈیو اسکرین شاٹ)

بھارتی وزیر خارجہ کی اسلام آباد ایئرپورٹ آمد کا منظر (فوٹو : ویڈیو اسکرین شاٹ)

  اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان، بیلاروس، قازقستان کے وزیراعظم اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان پہنچ گئے۔

کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیک ایس سی او کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے، جہاں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ سول وفوجی حکام نے نورخان ائربیس پر مہمان کا ریڈکارپٹ استقبال کیا۔

استقبال کے موقع پرروایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کوگل دستے پیش کیے جب کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خیرسگالی کے کلمات کااظہاربھی کیا گیا۔

کرغزستان کے وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کاوفد بھی ہے، جس میں معیشت اورتجارت کے وزیر، نائب وزیرخارجہ اورایس سی او کے لیے نائب رابطہ کاربھی شامل ہیں۔ اس موقع پرپاکستان میں کرغزستان کے سفیر اورسفارت خانے کے دیگراعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔

دریں اثنا بیلا روس کے وزیراعظم بھی ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔  وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ان کا استقبال کیا۔ اسی طرح قزاقستان کے وزیر اعظم بھی پہنچ گئے، وفاقی وزیر علیم خان نے ان کا استقبال کیا۔

مزید برآں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی پاکستان پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پر بھارتی ایئرفورس کے طیارے نے لینڈ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔