بابا صدیقی قتل کے ملزم سے سلمان خان کیس میں بھی پوچھ گچھ کا انکشاف

 ممبئی: مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل کیس میں شامل ایک مشتبہ ملزم سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اس سے سلمان خان کیس میں بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

ممبئی کے شہر باندرہ میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کے سنسنی خیز قتل میں ممبئی پولیس کو جن مشتبہ افراد کی تلاش ہے، ان میں شامل ایک ملزم سے اپریل میں اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے بعد پوچھ گچھ کی گئی تھی، لیکن ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے اسے چھوڑ دیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیقات میں شبھم لونکر کا نام بابا صدیقی قتل کیس کے اہم سازشی کے طور پر سامنے آیا ہے، جو تین بار ایم ایل اے اور این سی پی کے اجیت پوار دھڑے کا رکن رہا ہے۔

شبھم لونکر، لارنس بشنوئی گینگ کا اہم رکن ہے، جسے اپریل میں اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش کے لیے پکڑا تھا۔ کیس کی تفتیش میں شامل کئی افراد نے مبینہ طور پر لونکر کا نام لیا تھا۔ شبھم لونکر پر فائرنگ کیس میں مشتبہ افراد کو پناہ دینے کا الزام تھا لیکن کوئی مضبوط ثبوت نہ ملنے کی وجہ سے اسے چھوڑ دیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس ذرایع نے بتایا ہے کہ لونکر اور اس کا بھائی پراوین، بابا صدیقی قتل کے دو اہم ملزم ہیں اور انھوں نے دو نشانہ باز دھرم راج کیشپ اور شیو کمار گوتم کو اس سازش میں شامل کیا تھا۔

اتوار کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے جس فیس بک پوسٹ کے ذریعے صدیقی کے قتل کی ذمے داری قبول کی گئی، وہ بھی مبینہ طور پر شبھم لونکر کا فیس بک اکاؤنٹ ہے۔

لونکر کے بھائی پراوین کو اتوار کی شام پونے سے گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ شبھم ابھی تک فرار ہے۔ صدیقی قتل کیس میں لونکر برادران کے نام پولیس نے پیر کو پہلی بار عدالت میں پیش کیے تھے۔

علاوہ ازیں فیس بک پوسٹ میں لونکر نے دعویٰ کیا تھا کہ صدیقی کو اس لیے مارا گیا کیونکہ اس کا تعلق ہندوستان کے انتہائی مطلوب دہشت گرد داؤد ابراہیم سے تھا، اور وہ سلمان خان کا قریبی تھا۔

لونکر نے فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے لیکن جو بھی سلمان خان اور داؤد گینگ کی مدد کرتا ہے، وہ حساب کتاب کرلینا‘‘۔

بابا صدیقی قتل کیس کے بعد باندرہ میں سلمان خان کے گھر کے ساتھ ساتھ ممبئی کے قریب پنویل میں ان کے فارم ہاؤس کے ارد گرد بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔