پاکستانی کیڈٹس کا انٹرنیشنل نیول اکیڈمی سیلنگ چیمپئن شپ میں تاریخی کارنامہ

 کراچی: پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کی جانب سے برازیل میں بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ 79ویں بین الاقوامی نیول اکیڈمی سیلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے سلور میڈل اور مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرکے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا۔

جے24 بوٹ کیٹیگری میں دنیا بھر سے کل 9ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پاکستان سمیت برازیل، چین، اٹلی، پرتگال، ارجنٹائن، کولمبیا، پیرو اور بھارت کی نیول اکیڈمیز کے کیڈٹس شامل تھے۔

اس موقع پر پی این اے کی ٹیم کے کپتان نے فتح کو پاکستان نیول اکیڈمی کی معیاری تربیت سے منسوب کیا۔

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں سری لنکا میں ہونے والی انٹرنیشنل سیلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پی این اے کے کیڈٹس کی گزشتہ 3ماہ کے دوران بین الاقوامی چیمپئن شپس میں یہ مسلسل دوسری شاندار کارکردگی ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے پی این اے کی فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے پر فیکلٹی اور انسٹرکٹرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔