ڈریسنگ روم میں بھارت سے متعلق بات چیت پر پابندی عائد کردی، کپتان محمد حارث

  کراچی: اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ کھلاڑیوں پرڈریسنگ میں بھارت سے متعلق بات چیت پر پابندی لگا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور کپتان میں نے ہیڈ کوچ عمر رشید کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا،ہمیشہ کرکٹ مقابلے میں بھارت بھارت کیا جاتا ہے، جبکہ ہمارے لیے ہر ٹیم اہمیت کی حامل ہے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں میچز میں اچھے نتائج کے لیے میدان میں جائیں گے، ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں، ایونٹ کے لیے اچھا کمبینیشن تیار کیا ہے، ہار سے نہیں گھبراتے، سیکھنے کے لیے جا رہے ہیں، ایونٹ میں ہار جیت سے کچھ فرق نہیں پڑے گا،سیکھنے کا عمل جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق پوزیشن پر کھیلتا ہوں،پاکستان شاہینز کے لیے بطور اوپنر کھیلوں گا،اپنی ذاتی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں، محنت کرتا رہا تو پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن جاؤں گا، قوم ایونٹ میں کامیابی کے لیے دعا کرے۔

دریں اثنا پاکستان شاہینز کا تربیتی کیمپ منگل کو نیشنل بنک اسٹیڈیم کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹرپرختم ہوگیا،کیمپ کے آخری روز اوول گراؤنڈ میں ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ کھیلا گیا۔

اسکواڈ آج شب (منگل) اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگا، ایونٹ18 تا 22 اکتوبر مسقط کے عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا،پاکستان شاہینز اپنا پہلا میچ 19 اکتوبرکو گزشتہ برس کی فائنلسٹ بھارت اے سے کھیلے گی۔

21 اکتوبر کو میزبان عمان اور 23 اکتوبر کو یو اے ای سے گروپ میچز طے ہیں، ایونٹ میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، ہانگ کانگ اور سری لنکا اے شامل ہیں،گروپ بی دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز بھارت اے، اومان اور یو اے ای پر مشتمل ہے، ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو ہونے والے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 27 اکتوبر کو طے ہے۔

پاکستان شاہین اسکواڈ محمد حارث (کپتان )عبدالصمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، حیدر علی، روحیل نذیر،معاذ صداقت ، محمد عباس آفریدی، محمد عمران جونیئر، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم، یاسرخان اور زمان خان پر مشتمل ہے، ٹیم منجمنٹ میں عمررشید ہیڈ کوچ ومنیجر،عمران فرحت بیٹنگ کوچ، رفعت اللہ مہمند فیلڈنگ کوچ، عثمان ہاشمی انالسٹ اورسید محمد اسد فزیو تھراپسٹ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔