لاہور؛ سسرالیوں کے تشدد سے بہو جاں بحق، شوہر، ساس، سسر اور نند کیخلاف مقدمہ

لاہور: سسرالیوں کے تشدد سے بہو جاں بحق ہوگئی، مقتولہ کے شوہر، ساس ، سسر اور نند کے خلاف  مقدمہ درج کرلیا گیا۔

باغنپورہ کے علاقے میں سسرالیوں کے تشدد سے بہو  کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ پولیس نے 23 سالہ مقتولہ ہما کے والد مشتاق احمد کی مدعیت میں  اس کے شوہراسد ، ساس ، سسراور نند کے خلاف درج کرلیا۔

درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم اسد نے  میری بیٹی ہما سے پسند کی شادی کی تھی، شوہر اور سسرال والے بیٹی پر تشدد کرتے تھے، اور سسرالیوں نے گلے میں پھندا ڈال کر میری بیٹی کو قتل کردیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد  لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔