انٹر بورڈ کراچی نے بارہویں جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا

  کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر امیر حسین قادری نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبہ مانیہا نور رفعت بنت سید رفعت علی رول نمبر 263692 نے ٹوٹل 1100میں سے 998 نمبرز اے ون گریڈ حاصل کر کے پہلی پوزیشن، تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی مریم رسول بنت غلام رسول رول نمبر 263593 نے 988 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم عبداللہ چوہدری ولد آصف علی رول نمبر 253699 نے 980نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 14ہزار 748امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 14ہزار 534 امیدوارا متحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 7ہزار 112امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 48.93 فیصد رہا، ان امتحانات میں 207امیدوار اے ون گریڈ، 871 اے گریڈ، 2006 بی گریڈ، 2911 سی گریڈ، 1109 ڈی گریڈ، 7امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے جبکہ ایک امیدوار پاس ہوا۔

نتائج بورڈ کی ویب سائٹ  www.biek.edu.pk  پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں، امیدوار اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائیٹ اور اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر  BIEK  کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

چیئرمین پروفیسر امیر حسین قادری نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔