لاہور؛ لوہاری گیٹ کی مرمت اور بحالی کا منصوبہ 19.08 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوگیا

 لاہور: والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے لوہاری گیٹ کی مرمت و بحالی کا  منصوبہ مکمل کر لیا ہے، لوہاری گیٹ اندرون لاہور کے تیرہ دروازوں میں سے ایک ہے اس منصوبے پر تقریباً 19.08 ملین روپے کی لاگت آئی ہے، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے یہ منصوبہ 7 نومبر 2023 کو شروع کیا تھا۔

تاریخی حوالوں کے مطابق اس دروازے کا نام لوہار برادری کے نام پر رکھا گیا تھا جو لوہے یا اسٹیل سے بنی ہوئی مختلف اشیا تیار کرتی تھی، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق لوہاری گیٹ کی بحالی کا مقصد قدیم شہر کے ورثے کو محفوظ رکھنا ہے تاکہ یہ علاقے کی تاریخی اور ثقافتی دریافت کے لیے برقرار رہے۔

والڈسٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن کے مطابق بحالی کے منصوبے میں گیٹ کی سطح کو ہموار کیا گیا ہے، دروازے کے ڈھانچے کو مضبوط بنایا گیا ہے اسی طرح دروازے کی فریسکو لائننگ کی مرمت کی گئی ہے تاکہ اسے اصلی حالت میں لایا جا سکے۔ گیٹ کے اردگرد فرش کی مرمت بھی کی گئی ہے تاکہ زائرین کو آسان رسائی حاصل ہو۔ دیوار اور چھت کو بھی پختہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ گیٹ کے اردگرد کی تجارتی سرگرمیوں کو ختم کیا گیا ہے اور تمام غیر قانونی تعمیرات کو ہٹا دیا گیا ہے، مزید یہ کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے علاقے کی بجلی کے نظام پر بھی کام کیا ہے اور اردگرد کے گھروں اور گیٹ کے اندر موجود بازار کے لیے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اہم اقدامات کیے ہیں۔

قبل ازیں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے اس منصوبے سے پہلے گیٹ کی حالت انتہائی خراب تھی جس نے اس کی اصلی شکل اور ساخت کو بری طرح متاثر کیا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے کہا کہ لوہاری گیٹ جو اندرون لاہور کے قدیم ترین اور قابل قدر نشانیوں میں سے ایک ہے اس کی بحالی شہر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے ہمارے اس عزم کا مظہر ہے۔ لوہاری گیٹ ہمارے ورثے کا ایک اہم حصہ ہے اور اس کی بحالی اس بات کی گواہی ہے کہ ہم لاہور کی بھرپور تاریخ کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔

اس گیٹ کی بحالی کے ذریعے ہم نہ صرف اس کی تعمیراتی اہمیت کو اجاگر کر رہے ہیں بلکہ اسے ایک اہم سیاحتی مقام اور تاریخی مطالعے کے لیے قیمتی وسائل کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔