عمران خان کے سیل میں مکمل اندھیرا ہے، باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں، جمائما

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2024
جمائمہ گولڈ اسمتھ نے پاکستان حکام پر الزام عائد کیا کہ عمران خان کے سیل کی بجلی بند کردیا ہے—فوٹو: فائل

جمائمہ گولڈ اسمتھ نے پاکستان حکام پر الزام عائد کیا کہ عمران خان کے سیل کی بجلی بند کردیا ہے—فوٹو: فائل

  لندن: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو مکمل اندھیرے میں رکھا گیا ہے، ان کے سیل کی بجلی بند کردی گئی ہے اور باہر نکلنے کی اجازت بھی نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ ہمیں رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ حکام نے ان کے سیل کی لائٹس اور بجلی بند کردی ہے اور انہیں سیل سےکسی بھی وقت باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جیل کے باورچی کو چھٹیوں پر بھیج دیا گیا ہے اور عمران اس وقت قید کی سزا کے تحت مکمل طور پر آئیسولیٹڈ ہیں، بیرونی دنیا سے بغیر کسی رابطے کے وہ حقیقی طور پر اندھیرے میں ہے۔

جمائما نے کہا کہ ان کے وکلا بھی ان کی حفاظت اور خیریت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں عمران خان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ ان کی جماعت (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور حامیوں پر جاری حملوں کی پس منظر میں کی گئی ہیں، یہ انہیں اور پاکستان میں پوری سیاسی اختلاف کو خاموش کرنے کی کوشش میں کی گئی ہے۔

عمران خان کی سابق اہلیہ نے کہا کہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی ایک سویلین ہیں اور وہ اگست 2023 سے قید میں ہیں، مزید برآں، حال ہی میں عمران خان کی بہنوں عظمیٰ اور علیمہ خان کو گرفتار کیا گیا ہے جو مسلسل ان کے لیے بات کر رہی تھیں، انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پرامن احتجاج کر رہی تھیں اور اب جیل میں قید ہیں باوجود اس کے کہ ان کی قید کے لیے کوئی معقول یا قانونی وجہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ 72 سالہ عمران خان اگست 2023 سے کرپشن کے کیس میں سزا کے بعدجیل میں ہیں اور اس کے بعد توشہ خانہ سمیت کرپشن کے مختلف مقدمات میں انہیں سزائیں دی جاچکی ہیں تاہم انہیں عدالتی سماعت کے دوران میڈیا سے بات کرنے اور پارٹی رہنماؤں اور رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت تھی جو گزشتہ ہفتے سیکیورٹی کی بنیاد پر معطل کردی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے پنجاب کی جیلوں میں سیکیورٹی خطرات کے باعث صوبے بھر کی جیلوں میں قید افراد سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا تھا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے خدشات ہیں لہٰذا ان کے ذاتی معالج کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔