منیجرنے پلیئرزکو میڈیا سے دور رکھنے کی پالیسی اپنا لی

پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے بعد کسی بھی کرکٹرکوصحافیوں کے سامنے لانے سے انکار

پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے بعدکسی بھی کرکٹرکوصحافیوں کے سامنے لانے سے انکار فوٹو: فائل

سری لنکا میں جاری ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں شریک پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے اپنے کھلاڑیوں کو میڈیا سے دور رکھنے کی پالیسی اپنا لی۔

بی بی سی کے مطابق انھوں نے ٹیم کی پریکٹس کے بعد کسی بھی کرکٹر کو میڈیا کے سامنے لانے سے انکار کر دیا ہے۔ کرکٹ میں ٹیم کی پریکٹس کے بعد ایک کھلاڑی کے میڈیا سے بات کرنے کی پرانی روایت رہی ہے۔


منیجر کے خراب رویے کے سبب صحافی پاکستان اور بھارت کے وارم میچ میں انتظار کرتے رہ گئے لیکن کوئی بھی کھلاڑی پریس کانفرنس میں نہ آیا،اسی طرح انگلینڈ کیخلاف کولمبو کے پریکٹس میچ کے بعد بھی جب صحافیوں نے منیجر سے کسی بھی کرکٹر سے انٹرویو کے بارے میں درخواست کی تو انھوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ کینڈی جا کر بات ہوگی۔

نوید اکرم نے کینڈی میں ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر بھی صحافیوں کی کسی بھی کھلاڑی سے بات کرانے سے انکار کردیا، انھوں نے موقف اپنایا کہ آئی سی سی کے قواعد وضوابط پر عمل کررہے ہیں۔ کونسل کے ترجمان نے بتایا کہ میچ سے قبل اور بعد پریس کانفرنس لازمی ہے تاہم پریکٹس سیشن کے موقع پر کرکٹرز اگر میڈیا سے بات کرلیتے ہیں تو اس سے ایونٹ کو مثبت تشہیر ہی ملے گی، لہذا کونسل اس کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے میگا ایونٹ میں صحافیوں کی کرکٹرز تک رسائی نہ ہونے اور کوریج کے سلسلے میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے جی ایم میڈیا ندیم سرور کو سری لنکا بھیج دیا ، وہ ہفتے کو کینڈی پہنچ گئے ہیں۔اس ضمن میں موقف جاننے کیلیے نمائندہ ''ایکسپریس'' نے کئی بار نوید اکرم چیمہ سے رابطے کی کوشش کی مگر انھوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔
Load Next Story