نورا فتیحی کی ’ناچ میری رانی‘ پرفارمنس نے دیوالی پارٹی میں دھوم مچا دی
دیوالی پارٹی میں بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے ستارے ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے
نیویارک میں منعقد ہونے والی ایک شاندار دیوالی پارٹی میں بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے ستارے ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے۔ یہ تقریب معروف منیجر انجولا آچاریہ کی میزبانی میں منعقد کی گئی، جو پریانکا چوپڑا کی منیجر ہیں۔
اس تقریب کی خاص بات نورا فتیحی کی شاندار پرفارمنس تھی، جس نے اپنی لاجواب ڈانس مووز اور دلکش شخصیت سے تقریب میں موجود تمام افراد کو محظوظ کیا۔
نورا فتیحی نے اپنی ہٹ گانے 'ناچ میری رانی' پر رقص کر کے نہ صرف سامعین کو محظوظ کیا بلکہ تقریب کے شرکاء کو اس گانے کا ہک اسٹیپ بھی سکھایا، جس سے پارٹی میں خوشگوار ماحول پیدا ہوگیا۔
تقریب میں مشہور ہالی ووڈ ستارے، جیسے میترے راماکرشنن (نیور ہیو آئی ایور)، اوانتیکا وندناپو (مین گرلز)، تان فرانس، حسن منہاج، جے سین، اور جیسل تانک بھی شامل تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں نورا فتیحی کی خوشی اور توانائی واضح تھی، اور انہوں نے اپنے پرفارمنس سے شرکاء کو بھی جھومنے پر مجبور کر دیا۔ نورا نے ایک خوبصورت چمکدار سلور لباس پہن رکھا تھا، جس میں وہ نہایت پُراعتماد اور دلکش نظر آئیں۔
کام کے محاذ پر، نورا فتیحی بالی ووڈ میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور حال ہی میں نائجیریا کے مشہور گلوکار سی کے کے ساتھ ایک نیا گانا کیا ہے۔ اس کے علاوہ، وہ جلد ہی تلگو فلم 'مٹکا' میں نظر آئیں گی، جس کی ہدایت کاری کرونا کمار کر رہے ہیں۔ یہ فلم ہندی، تمل، ملیالم، اور کنڑ زبانوں میں بھی ریلیز کی جائے گی۔