کراچی:کرسٹل پائوڈر سعودیہ اسمگل کرنیکی کوشش ناکام

  کراچی: پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ کی جانب سے انٹرنیشنل میل آفس پر ایک کارروائی میں پارسل کے ذریعے سعودی عرب آئس کرسٹل پاؤڈر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

ایڈیشنل کلکٹر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ فیصل خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ کتابوں پر مشتمل یہ پارسل حیدر آباد سے مجاہد جاوید خان کے نام پر ریاض سعودی عرب کے لیے بک کرایا گیا تھا۔

خفیہ نیٹ ورک کی اطلاعات پر کلکٹریٹ کی جانب سے انٹر نیشنل میل آفس میں بیرون ملک سے آنے اور جانے والے پارسلز میں مہنگی منشیات کی انسداد اسمگلنگ کے لیے نگرانی سخت کی گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ انٹرنیشنل میل آفس میں آنے والے ایک مشکوک پارسل کی اسکیننگ کی گئی تو کتابوں پر مشتمل اس پارسل میں آئس کرسٹل پاؤڈر کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ پارسل میں موجود کتابوں کی جلد میں انتہائی مہارت کے ساتھ ایک کلوگرام آئس کرسٹل پاؤڈر چھپایا گیا تھا۔ برآمد ہونے والے آئس کرسٹل پاؤڈر کی مالیت 1 کروڑ 50لاکھ روپے ہے۔ کسٹمز حکام نے برآمد ہونے والے آئس کرسٹل منشیات کی نارکوٹکس چیکنگ کٹ سے باقاعدہ ٹیسٹ کرکے تصدیق بھی کرالیا ہے۔