دہشتگردی مقدمات زرتاج گل اور عامر مغل کی عبوری ضمانت میں توسیع
عدالت نے دہشت گردی کے مقدمات میں زرتاج گل اور عامر مغل کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں زرتاج گل ، عامر مغل کے خلاف تھانہ سنگجانی میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں ملزمان کی جانب سے عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواستیں جمع کرائی گئیں۔
عدالت نے زرتاج گل اور عامر مغل کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے زرتاج گل کی ضمانت میں 25 اکتوبر اور عامر مغل کی عبوری ضمانت میں 18 اکتوبر تک توسیع کردی ۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے کی، جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے سردار مصروف عباسی ایڈووکیٹ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت آئندہ تاریخوں تک ملتوی کردی۔