سپر اسٹار رجنی کانت کا گھر بارش کے پانی میں ڈوب گیا
بھارت کے سپر اسٹار رجنی کانت کے چنئی میں واقع گھر میں پانی بھر گیا ہے۔
تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں اس وقت شدید بارشیں ہورہی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ اس شدید موسم نے جہاں بہت سے شہریوں کی زندگیوں کو درہم برہم کردیا ہے، وہیں سپر اسٹار رجنی کانت کےلیے بھی مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔
پوز گارڈن میں سپر اسٹار رجنی کانت کی شاندار حویلی مسلسل بارشوں کی وجہ سے زیر آب آگئی ہے۔ بھارتی نجی ٹی وی کی جانب سے ایک ٹویٹ شیئر کی گئی ہے جس میں رجنی کانت کے گھر کے اندر بارش کا پانی دیکھا جاسکتا ہے۔
سپر اسٹار کی چنئی میں واقع رہائش گاہ سیاحوں میں بہت مقبول اور توجہ کا مرکز ہے، جہاں روزانہ بہت سے سیاح عمارت کو دیکھنے اور اس کے سامنے تصویریں لینے آتے ہیں۔ پوز گارڈن، ایک ہائی سیکیورٹی زون ہے جہاں بہت سی قابل ذکر شخصیات کا گھر ہے، جن میں تامل ناڈو کی آنجہانی وزیراعلیٰ جے جے للیتا، اداکار دھنش اور دیگر مشہور شخصیات، تاجر اور ممتاز وکلاء شامل ہیں۔