توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس نیب سے ریفرنس کے دائرہ اختیار سے متعلق رپورٹ طلب
نواز شریف کے وکیل نے سپریم کورٹ نیب ترامیم فیصلے کے بعد ریفرنس کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا
احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس میں آئندہ سماعت پر نیب سے ریفرنس کے دائرہ اختیار سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
صدر مملکت آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی اور نوازشریف کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس پر احتساب عدالت کی جج عابدہ سجاد نے سماعت کی۔
صدر مملکت آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے وکیل ارشد تبریز جبکہ نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح اور پلیڈر رانا عرفان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل قاضی مصباح نے سپریم کورٹ نیب ترامیم فیصلے کے بعد ریفرنس کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا۔
نواز شریف کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ 21 دسمبر 2022 میں توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس واپس نیب کو بھیجا گیا، سپریم کورٹ نے نیب ترامیم پر حالیہ فیصلہ دیا، سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد نیب ریفرنس کا دائرہ اختیار موجودہ عدالت میں نہیں بنتا۔
وکیل قاضی مصباح نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ریفرنس نیب کو واپس بھیجا جائے۔
احتساب عدالت نے وکیل صفائی کو دائرہ اختیار سے متعلق درخواست جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔