خواہش ہے والدین جنت سے میری فلموں کو دیکھ سکیں، شاہ رخ خان

 ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں جذباتی انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ وہ ایسی سپر ہٹ فلمیں کریں جنہیں ان کے والدین جنت سے دیکھ سکیں۔

شاہ رخ نے بتایا کہ ان کے فلمی کیرئیر کے آغاز سے پہلے ہی ان کے والدین کا انتقال ہو چکا تھا، اور وہ ان کی کامیابیاں نہیں دیکھ سکے۔

شاہ رخ خان نے کہا، “مجھے ہمیشہ یہ احساس رہا ہے کہ میں ایسی بڑی فلمیں بناؤں جو میرے والدین جنت سے دیکھ سکیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے والدین کو فخر محسوس کرانا چاہتے تھے اور اسی جذبے کے ساتھ فلمی دنیا میں قدم رکھا۔

اس پوڈ کاسٹ میں شاہ رخ خان نے اپنی مشہور فلم دیوداس کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس فلم کے لیے انہیں کئی سینئر اداکاروں نے منع کیا تھا، لیکن وہ یہ فلم اپنی ماں کے لیے کرنا چاہتے تھے۔

شاہ رخ نے کہا، “میری ماں میرے لیے آسمان کا ایک ستارہ تھیں اور میں محسوس کرتا تھا کہ اگر میں دیوداس کروں گا تو وہ اسے بہت پسند کریں گی۔”

یاد رہے کہ دیوداس شاہ رخ کے کیرئیر کی بہترین فلموں میں سے ایک مانی جاتی ہے، جس میں ان کے ساتھ ایشوریا رائے اور مادھوری ڈکشت نے بھی مرکزی کردار ادا کیے تھے۔