کمپیوٹر جسے لپیٹا جاسکتا ہے

نوایجاد شدہ لیپ ٹاپ کو رول کریں اور آرام سے کندھے پر لٹکالیں.


Ateeq Ahmed Azmi September 23, 2012
فوٹو: فائل

کمپیوٹر کا استعمال ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔

جس طرح دیگر سائنسی ایجادات میں آئے دن نت نئے تجربات اور خیالات سے تبدیلیاں لائی جارہی ہیں، بالکل اسی طرح کمپیوٹر کے ڈیزائن اور اس کی کارکردگی میں بھی انقلابی پیش رفت ہورہی ہے، جس کی ایک مثال رول(Roll) یا لپیٹے جانے والا لیپ ٹاپ کمپیوٹر ہے، جو دیکھنے میں آرٹسٹ حضرات کے اس گول نالی جیسے بکس کی مانند نظر آتا ہے، جس میں وہ اپنی کاغذ کی بڑی بڑی ڈرائنگ شیٹیں گول کرکے رکھتے ہیں۔

بالکل اسی طرح وزن میں انتہائی ہلکے اس ''ڈیجیٹل رول لیپ ٹاپ'' کی ''اسکرین'' اور ''کی بورڈ'' کو رول کرکے گول ٹیوب یا نالی میں رکھ کر کندھے پر لٹکایا جاسکتا ہے اور جب اسے استعمال کرنا ہو تو کسی بھی ہموار سطح پر رکھ کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چوں کہ اس لیپ ٹاپ کی اسکرین لچک دار ہے اور انتہائی شفاف اور چمک دار نیم موصل برقیروں OLED سے بنائی گئی ہے۔ اسی طرح کی بورڈ بھی لچک دار پلاسٹک سے کمان(Arc) کی شکل کا بنایا گیا ہے، جو استعمالکنندہ کو ٹائپ میں مزید سہولت فراہم کرتا ہے، لہٰذا ان دونوں بنیادی حصوں کو گول تہہ کر کے نالی یا ٹیوب میں رکھنا نہایت آسان ہے اور جب لیپ ٹاپ کو استعمال کرنا ہو تو اسکرین کو ٹیوب سے باہر نکال کر ٹیوب کے اوپر موجود ''دندانے دار شگاف ( Slot)'' سے جوڑکر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کمپیوٹر کے ساتھ ویڈیو کیمرا (Web Cam) بھی موجود ہے۔ اس ویڈیو کیمرے کو ہاتھ میں پہن کر بہ آسانی مووی یا تصویر کھینچنے کا انتخاب بھی دیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل رول لیپ ٹاپ کا ایک اور اہم حصہ اس کا کندھے پر لٹکانے والا پٹا ہے۔ بظاہر عام سا نظر آنے والا یہ پٹا فائبر سے بنایا گیا ہے۔ اس پٹے میں نہ صرف USBکے لیے کنکشن دیے گئے ہیں، بل کہ پٹے میں کمپیوٹر کو انگلیوں کے نشانوں(Finger Prints)سے لاک اور ان لاک کرنے کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔

بنیادی طور پر ''ڈیجیٹل رول لیپ ٹاپ'' دو مختلف انداز (Mode) میں کام کرتا ہے، جس میںایک '' Email موڈ'' اور دوسرا ''فل فنکشن موڈ'' ہے۔ ای میل موڈ کے دوران Slotپر اسکرین لگانا ضروری نہیں ہوتا، بل کہ ٹیوب پر موجودLEDاسکرین پر ای میل پڑھی اور بھیجی جاسکتی ہے، جب کہ فل فنکشن موڈ میں ''ڈی رول لیپ ٹاپ'' کو عام لیپ ٹاپ کے مکمل فنکشنز کی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مروجہ لیپ ٹاپ کا ایک اہم مسئلہ اس کا گرم ہوجانا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے تخلیق کاروں نے ''ڈی رول لیپ ٹاپ'' کے استعمال کے دوران ٹیوب میں ایک جانب سے ٹھنڈی ہوا داخل ہونے اور دوسری جانب سے گرم ہوا کے باہر نکلنے کا انتظام بھی کیا ہے، جب کہ ٹیوب کی پچھلی جانب آواز سننے کے لیے اسپیکر کے سوراخ دیے گئے ہیں اور اسی مقام پر چارج ایبل بیٹری کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے۔ امریکا کی جامعہ Purdue کے طالب علم اور صنعتی اشیاء کے ڈیزائنرHao Huaکے تجربات کا نچوڑ یہ ''ڈی رول لیپ ٹاپ(Digital Roll)'' کمپیوٹر اگلے برس کے اوائل میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔