پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اجارہ سکوک کے اجرا سے 10 کھرب روپے حاصل کرلیے

بزنس رپورٹر  جمعرات 17 اکتوبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: پی ایس ایکس نے کیپٹل مارکیٹ انفرااسٹرکچر کے ذریعے حکومت پاکستان اجارہ سکوک کے اجرا سے  10 کھرب ( ایک ٹریلین) روپے حاصل کرلیے ہیں۔ یہ سنگ میل تیرھویں جی آئی ایس نیلامی کی کامیاب تکمیل کے بعد حاصل کیا گیا ہے جس سے وزارت خزانہ کے لیے اضافی 207ارب روپے جمع کرنے میں مدد ملی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج وفاقی حکومت کے لیے کیپٹل مارکیٹ انفرا اسٹرکچر انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے رقم اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ سکوک کی وسیع اقسام دستیاب ہیں، جس میں رعایتی، مقررہ شرح، اور متغیر شرح کے اختیارات شامل ہیں۔

سکوک کے لیے مختلف  مدتیں بھی ہیں، جن میں 1 سال، 3 سال، 5 سال اور 10 سال کے اختیارات ہیں۔ یہ پہلی نیلامی کے بعد حکومت اور سرمایہ کاروں دونوں کی مختلف ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے تھے۔

پی ایس ایکس کے قائم مقام سی ای او ندیم نقوی نے کہا کہ جی آئی ایس کے اجرا میں ایک ٹریلین تک پہنچنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ سرمایہ کاروں کا پی ایس ایکس پر اعتماد اور اعلیٰ معیار کے شریعت کے مطابق اختیارات کی مسلسل مانگ ہے۔ جدت طرازی اور مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کے لیے ہماری وابستگی نے ہمیں ایک سال سے بھی کم عرصے میں تیزی سے ترقی کرنے میں مدد کی ہے اور ہم اپنے تمام مارکیٹ کے شرکا کے لیے تجربے کو بہتر بناتے رہتے ہیں۔

پی ایس ایکس میں جی آئی ایس کے لیے پرائمری اور سیکنڈری مارکیٹس کو ٹریڈنگ کے لیے مضبوط پی ایس ایکس آکشن سسٹم اور نیو ٹریڈنگ سسٹم کی حمایت حاصل ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے سالوں میں جی آئی ایس کی مارکیٹ ترقی کرتی رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔