پنجاب حکومت کا کل تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

  اسلام آباد: پنجاب حکومت نے کل صوبے کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر کیا گیا، چھٹی کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔

پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، دفعہ 144 کے تناظر میں احتجاج اور ہنگامے سے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگنے کا اندیشہ ہے

کسی قسم کا احتجاج اور سرکاری و نجی تنصیبات پر حملے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے، محکمہ داخلہ کی سفارش پر محکمہ سکول ایجوکیشن اور محکمہ ہائر ایجوکیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے۔

چھٹی کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی اسکولز اور کالجز پر ہو گا، صوبہ بھر کی یونیورسٹیز بھی کل بند رہیں گی۔

قبل ازیں پنجاب کی حکومت نے صوبے میں دو دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے احتجاج، جلوس اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی تھی۔

محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پابندی کا اطلاق جمعہ 18 اکتوبر سے ہفتہ 19 اکتوبر تک ہوگا۔