بلوچستان میں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کا افتتاح

پروگرام کے تحت مرحلہ وار 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کیلیے بھیجا جائے گا

فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ''چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام'' کا افتتاح کر دیا۔

پروگرام کے تحت مرحلہ وار 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے لیے بھیجا جائے گا، ہنر مند نوجوانوں کی پہلی کھیپ رواں سال نومبر میں بھیجوائی جائے گی۔


اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر ہیں لہٰذا نیک نامی کا باعث بنیں، نوجوان گمراہی کا شکار نہ ہوں اور ترقی کے لیے مثبت سوچ اپنائیں، بلوچستان کے ہر نوجوان کو ترقی و روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پھر کہتا ہوں کوئی نوکری نہیں بکے گی اور میرٹ کو یقینی بنائیں گے، ہم نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور دوسری طرف نوجوانوں کو خود کش بنایا جا رہا ہے۔ فیصلہ بلوچستان کے عوام نے کرنا ہے کہ کون درست اور کون غلط ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ترقی کا راستہ بلوچستان سے ہی نکلتا ہے، سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے گمراہی پھیلائی جاتی ہے۔ ایک طرف شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس چل رہی تھی اور دوسری طرف ریپ کا بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلا کر بے چینی پھیلائی گئی۔ نوجوانوں کو مثبت سوچ اپنا کر آگے بڑھنا ہوگا۔
Load Next Story