پاکستان کرکٹ میں سرجری کے ثمرات سامنے آنے لگے

فٹنس کے حوالے سے سخت معیار میں بھی وقتی طور پر نرمی لائی گئی ہے


ویب ڈیسک October 19, 2024
(فوٹو: فائل)

پاکستان کرکٹ میں سرجری کے ثمرات سامنے آنے لگے، چیئرمین محسن نقوی نے عاقب جاوید کو فری ہینڈ دیدیا۔

پاکستانی ٹیم نے 3 برس سے زائد عرصے بعد ہوم گراؤنڈ پر گذشتہ روز پہلا ٹیسٹ جیتا، اس میں بعض بولڈ فیصلوں کا بھی اہم کردار رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ گوکہ سلیکشن کمیٹی کے کسی سربراہ کا تقرر نہیں کیا گیا لیکن غیراعلانیہ طور پر عاقب جاوید ہی یہ ذمے داری سنبھالے ہوئے ہیں۔

چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات میں انھوں نے ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے اور گروپنگ ختم کرنے کےلیے مکمل اختیارات طلب کیے تھے جو انھیں مل گئے، اس کے مثبت اثرات بھی سامنے آنے لگے۔

مزید پڑھیں: ملتان ٹیسٹ میں فتح؛ حفیظ نے پی آر ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناڈالا

عاقب کی تجویز پر ہی سلیکشن کمیٹی کو 11 سے 6 رکنی کیا گیا، اس فیصلے کے بعد سلیکٹرز کو لگتا ہے کہ پلیئرز پاور کم کرنے میں مدد ملے گی۔ کپتان اور کوچ کسی سینئر کھلاڑی کے خلاف ووٹ نہیں دیتے جبکہ بغیر ووٹنگ رائٹ کے کسی کو سلیکٹر بنانے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ بابر اور شاہین کو ایک ساتھ باہر کرنے کی وجہ گروپنگ کا خاتمہ اور ٹیم کو یکجا کرنا تھی، گوکہ دونوں کی حالیہ کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی لیکن سابقہ سلیکٹرز انھیں مکمل سیریز کھلانا چاہتے تھے۔ اب کھلاڑیوں کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ جو کوئی بھی گروپنگ میں ملوث پایا گیا اسے اگلی فلائٹ سے گھر بھیج دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: نعمان علی نے انگلینڈ کیخلاف 10 وکٹیں لیکر نیا اعزاز اپنے نام کرلیا

پہلے ٹیسٹ تک فٹنس کے حوالے سے بھی سخت پیمانہ بنایا گیا تھا، میچ کے دوران ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں نعمان علی اور زاہد محمود کا ٹیسٹ لیتے ہوئے انھیں 2 کلومیٹر دوڑ 8 منٹ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا لیکن دونوں فیل ہوگئے جس پر گھر بھیج دیا گیا۔ شکست کے بعد انھیں دوبارہ ایک اور موقع دیا گیا لیکن اس بار بھی وہ 8 منٹ میں ایسا نہ کرسکے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے بھی 'اسپن فرینڈلی پچ' بنانے کی تیاری شروع

اس موقع پر عاقب جاوید و دیگر سلیکٹرز نے مینجمنٹ کو سمجھایا کہ ٹیم کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے کچھ عرصے کےلیے وقتی طور پر فٹنس پالیسی میں نرمی برتنی چاہیے، اسی لیے نعمان اور زاہد پلئینگ الیون کا حصہ بن سکے۔ البتہ ساجد خان کی فٹنس کا معیار دیگر تمام کھلاڑیوں کے برابر ہی تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں