ٹی 20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 7 رنز سے ہرادیا

عمان: اے سی سی مینز ٹی 20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 183 رنز کے جواب میں پاکستان شاہینز 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔

قبل ازیں بھارت اے نے پاکستان شاہینز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے تھے۔

ابھیشیک شرما 35، پرابھ سمران سنگھ 36 اور تلک ورما 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کے سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان شاہینز کی قیادت محمد حارث اور بھارت اے کی قیادت تلک ورما کررہے ہیں۔

پاکستان شاہینز گروپ بی میں بھارت اے، متحدہ عرب امارات اور میزبان عمان کے ساتھ ہے جبکہ گروپ اے میں بنگلادیش اے سری لنکا اے ہانگ کانگ اور افغانستان اے شامل ہیں۔

پاکستان شاہینز ٹیم 21 اکتوبر کو میزبان عمان اور 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات سے مقابلہ کریگی۔