عمران خان نے جیل سے نکالنے کے پلان پر عمل درآمد نہ کرنے پر پارٹی رہنماؤں کو کھری کھری سنادی

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اکتوبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے پارٹی رہنماؤں کی سرزش کرتے ہوئے انہیں خوب جھاڑ پلائی ہے۔

اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ملاقات کے لئے آئے تحریک انصاف کے رہنماﺅں کی سرزنش کی، پی ٹی آئی کا وفد بیرسٹر گوہر کی قیادت میں آئینی ترامیم پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے مشاورت کے لئے اڈیالہ جیل گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو کھری کھری سنائی اور کہا کہ آپ لوگوں کا مجھے کوئی فائدہ نہیں، جیل سے نکلنے کے لئے جو پلان میں نے دیا تھا اس پر کسی نے عمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے احتجاج جاری رکھنے کا کہا تھا، آپ کے تمام احتجاج فلاپ ہوئے، آپ سے کہا تھا کہ ایس سی او کے موقع پر احتجاج کرنا ہے لیکن کسی نے عمل نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ میرے دیئے گئے منصوبے پر عمل کریں گے تو ہی باہر آ سکوں گا۔ کشیدگی کے باعث بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے تحریک انصاف کے رہنماﺅں کی ملاقات ادھوری رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔