غزہ، لبنان کیلئے 12 امدادی کھیپ بھیج دی گئی ہیں، حکام

ویب ڈیسک  اتوار 20 اکتوبر 2024
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت اجلاس ہوا—فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت اجلاس ہوا—فوٹو: پی آئی ڈی

  اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے پاکستان کی جانب سے غزہ اور لبنان کے جنگ زدہ عوام کی امداد کے لیے سامان کی 12 کھیپ روانہ کری جاچکی ہیں۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں غزہ اور لبنان کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کے لیے پاکستان کی جاری انسانی امداد کی کوششوں کا جائزہ لینے اور منصوبہ بندی کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام بھی موجود تھے اور زوم کے ذریعے لبنان، اردن، شام اور عراق کے سفیروں نے بھی شرکت کی اور اجلاس میں غزہ اور لبنان کے لوگوں کی فوری ضروریات اور امدادی سامان روانہ کرنے سے متعلق لاجسٹک چیلنجز پر بات چیت ہوئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر لبنان اور غزہ میں جنگ سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ اور لبنان قائم کیا گیا ہے تاکہ پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں کے لیے عطیات کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

لبنان کے سفیر نے حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی بروقت امداد پر کہا کہ پاکستان اس نازک وقت میں لبنان کے عوام کو ریلیف بھیجنے والے پہلے تین ممالک میں شامل ہے، اب تک پاکستان نے غزہ اور لبنان کے لیے 1251 ٹن امدادی اشیا کی کل 12 کھیپ روانہ کی ہیں، ان میں سے 10 کھیپ غزہ اور دو لبنان بھیجی گئیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ امدادی پیکج میں ضروری اشیا جیسے خیمے، ترپال، فوڈ پیک، بستر، ادویات، حفظان صحت کی کٹس اور دیگر ضروری سامان شامل تھا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر لبنان اور غزہ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کی ہدایت کی روشنی میں وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ اور لبنان قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے لبنان، فلسطین اور شام میں پاکستان کے سفیروں سے سرگرم انسانی تنظیموں اور جنگ سے متاثرہ علاقوں میں امداد کی تقسیم کے ذرائع کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہائبرڈ ٹرانسپورٹیشن ماڈل تیار کرے تاکہ امداد کی ترسیل کی کارکردگی میں اضافہ ہو سکے۔

احسن اقبال نے غزہ اور لبنان میں جنگ زدہ متاثرین کو ضروری اشیا کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کے لیے خوراک اور نان فوڈ آئٹمز سپلائرز پر بھی زور دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔