امن کے حامی ہیں لیکن کسی بھی صورتحال کیلئے تیار ہیں، ایرانی وزیرخارجہ

ویب ڈیسک  اتوار 20 اکتوبر 2024
عباس عراقچی نے استنبول میں پریس کانفرنس کی—فوٹو: انادولو

عباس عراقچی نے استنبول میں پریس کانفرنس کی—فوٹو: انادولو

استنبول: ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران امن کا حامی ہے لیکن کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔

خبرایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق استنبول میں ترک وزیرخارجہ ہاکان فیدان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں جنگ کا پھیلاؤ ایک سنجیدہ خطرہ ہے، ہم امن کے حق میں ہیں لیکن ہم ہر طرح کی صورت حال کے لیے بھی تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ساؤتھ کاؤ کیسس ریجنل کوآپریشن پلیٹ فارم کا اجلاس تعمیری رہا، جس میں خطے میں امن اور استحکام پر توجہ دی گئی ہے، اس پلیٹ فارم کے اجلاس میں ترکیہ، روس، ایران، آذربائیجان اور آرمینیہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی موجودگی خطے کے مسائل کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے اور انہوں نے خطے میں معاشی اقدامات کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔