اسرائیل پر حملے کیلیے اہداف کا تعین کرلیا،امریکا بھی خبردار رہے؛ ایران

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل اور امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اپنے جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہم نے اسرائیل پر حملے کے لیے اہداف کا تعین کرلیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر اسرائیل نے ہماری ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا تو جواب میں متعین کردہ اسرائیلی اہداف کو پوری قوت سے نشانہ بنائیں گے۔

وزیرِ خرجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کا مطلب آخری حد عبور کرنا ہوگا جس کا صہیونی ریاست کو خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسا نہیں چاہتے لیکن اگر جنگ ہوئی تو اس میں امریکا بھی لپیٹ میں آئے گا۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو مشورہ دیا کہ بہتر ہوگا، خود کو جنگ سے دور رکھیں ورنہ نقصان کے لیے تیار رہیں۔