وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سینیٹ سے ترمیم کی منظوری کے بعد امریکا روانہ

ویب ڈیسک  اتوار 20 اکتوبر 2024
وزیرخزانہ امریکا میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے—فوٹو: فائل

وزیرخزانہ امریکا میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے—فوٹو: فائل

  اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سینیٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے بعد عالمی اداروں کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے۔

وفاقی وزارت خزانہ سے بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ دورے کے موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب چین، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے ہم منصب قائدین سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ امریکا کے اسٹیٹ اور ٹریژی ڈپارٹمنٹس کے اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی دورے کا حصہ ہیں۔

وزیرخزانہ کے دورے میں عالمی کریڈٹ ریٹنگز ایجنسیوں، کمرشل بینکوں اور بالخصوص مشرق وسطیٰ کے سرمایہ کار بینکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، اس کے علاوہ سرمایہ کاری فورمز اور سیمنارز سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ محمد اورنگزیب امریکا کے معروف تھنک ٹینکس کا دورہ کریں گے، منتخب بین الاقوامی اور امریکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ سینیٹ میں حکومتی اتحاد کی جانب سے 26 ویں آئینی ترمیم پیش کی گئی جہاں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ووٹ دیا اور ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔