اسرائیل نے غزہ میں خون کی ندیاں بہا دیں فضائی کارروائیوں میں 100 فلسطینی شہید

حماس اور اسرائیل شجائیہ میں 2 گھنٹے کی جنگ بندی پر متفق ہو ئے لیکن ایک گھںتے بعد ہی صیہونی فوج نے جنگ بندی توڑ دی۔


ویب ڈیسک July 20, 2014
حماس کا صیہونی فوج کی زمینی کارروائی کے دوران 13 فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ۔ فوٹو: اے ایف پی

غزہ پر اسرائیلی درندگی 13ویں روز بھی جاری ہے اور صیہونی فضائی بمباری کے نتیجے میں صرف اتوار کے روز 100 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جس کے بعد اسرائیلی بربریت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 430 سے زائد ہوگئی ہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صیہونی جیٹ طیاروں نے غزہ کے شمالی علاقے شجائیہ میں شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں، امدادی ٹیموں کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ ملبے تلے مزید لاشوں کی موجودگی کا خدشہ ہے۔ اس سے قبل صیہونی جیٹ طیاروں نے ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا جس میں 2 معصوم بچوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ ایک اور کارروائی میں غزہ کے مشرقی علاقے میں بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 کمسن بچے شہید ہوگئے جبکہ فلسطین اسلامک موومنٹ کے سینئر رہنما خلیل حیا کا بیٹا بھی حملے میں شہید ہوا۔


اسرئیلی ٹینکوں نے مشرقی علاقے رفح میں شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور 10 زخمی ہوگئے جبکہ شہید ہونے والوں میں 3 بھائی بھی شامل ہیں۔ اسی طرح وسطی غزہ میں بمباری کے نتیجے میں 29 سالہ نوجوان بھی شہید ہوگیا۔ دوسری جانب حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی فوج کی زمینی کارروائی کے دوران اب تک 13 فوجی ہلاک کئے جاچکے ہیں جس کی اسرائیلی حکام نے بھی تصدیق کردی ہے۔


دوسری جانب حماس اور اسرائیل نے 2 گھنٹے کے لئے جنگ بندی پر اتفاق کیا تاہم صرف ایک گھنٹے بعد ہی صیہونی حکومت نے حماس پر راکٹ حملے کا الزام لگاکر جنگ بندی ختم کرکے ایک مرتبہ پھر بمباری شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں مزید 16 فلسطنی شہید ہوگئے۔


واضح رہے کہ 8 جولائی سے جاری اسرائیلی بربریت کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2300 سے تجاوز ہوگئی جبکہ اسرائیلی فضائی اور زمینی کارروائی کے دوران غزہ کا انفرااسٹرکچر بھی مکمل طور پر تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں