پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس مینڈیٹ ہے اس لئے مڈٹرم الیکشن نہیں ہوں گے تاہم دیکھنا ہوگا کہ مارچ کرنے والوں کے پیچھے کون ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امین فہیم کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے کچھ نہیں ہوگا اور اس دن پاکستان سلامت رہے گا، پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔
امین فہیم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے لاہور کے 4 حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا اور اگر 4 حلقوں کی دوبارہ گنتی ہوجاتی تو کوئی آسمان نہیں گرجاتا جبکہ پی ٹی آئی کے اس مطالبے پر پارٹی کے کو چیئرمین آصف زرداری کا بیان حقیقت پسندانہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومتی کارکردگی سے سخت پریشان ہیں لیکن 14 اگست کو مارچ کرنے والوں کے پیچھے دیکھنا ہوگا کہ کون ڈوریاں ہلا رہا ہے۔