پی ٹی آئی اقتدار میں آکر متنازع غیر آئینی ترامیم کا خاتمہ کریگی بیرسٹرسیف

جلد بازی میں ترامیم کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے کے اطلاق سے بچنا ہے، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا


ویب ڈیسک October 21, 2024
عمران خان سے غداری کرنے والے لوٹوں پر پوری قوم کی لعنت ہے، بیرسٹر سیف:فوٹو:فائل

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم اغواکاری، چادر چاردیواری کے تقدس کی پامالی اور ماؤں بہنوں کی عزتیں اچھال کر جیسے سنگین جرائم میں لپیٹ کر منظور کی گئیں۔

بیرسٹر سیف نے بیان میں کہا کہ جعلی حکومت نے اغوا گردی کرکے رات کی تاریکی میں سپریم کورٹ پر شب خون مارا۔ ترامیم کا طریقہ کار خود چیخ چیخ کر بتارہا ہے کہ آئین کے پیٹ میں چھرا گھونپ دیا گیا ہے۔ جلد بازی میں ترامیم کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے کے اطلاق سے بچنا ہے۔

مشیر اطلاعات خبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آ کر متنازع غیر آئینی ترمیم کا خاتمہ کرے گی۔ متنازع ترامیم کے بعد پی ٹی آئی کی جدوجہد مزید تیز ہوگی۔ متنازع اور غیر آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ ڈالنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ غیر آئینی ترامیم کا ساتھ دینے والے عوام کے انتقام سے بچ نہیں سکیں گے۔ آئندہ انتخابات میں نہ عوام ان ووٹ دیں گے اور نہ ہی انہیں فارم 47 ملیں گا۔ متنازع ترامیم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے پر پی ٹی آئی کا نام تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ عمران خان کے ساتھ غداری کرنے والے لوٹوں پر پوری قوم کی لعنت ہے۔ تاریخ غداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عمران خان کے ساتھ بے وفائی کرنے والوں کا انجام پچھلے الیکشن میں سب نے دیکھا۔ وکلاء برادری سے غیر آئینی ترامیم کے خلاف فیصلہ کن معرکے کی اپیل ہے۔ وکلاء برادری پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر متنازع غیر آئینی ترامیم کو انجام تک پہنچائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |