میکسیکو؛ قدیم قبائل مزدورں کے حقوق کے علمبردار پادری کا چرچ سے باہر قتل

میکسیکو سٹی: میکسیکو کی ریاست چیاپاس میں قدیم قبائل اور مزدوروں کے حقوق کے علمبردار پادری مارسیلو پیریز کو اُس وقت قتل کردیا گیا جب وہ سنڈے سروسز کے بعد چرچ سے باہر نکل رہے تھے۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق کیتھولک پادری مارسیلو پیریز کو چرچ سے گھر واپس کے دوران راستے میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

چرچ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فادر مارسیلو پیریز جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مزاحمت کی علامت رہے ہیں اور وہ کئی دہائیوں سے چیاپاس کے قدیم قبائل کے حقوق کے دفاع، لوگوں کے وقار اور حقیقی امن کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ قتل میکسیکو کی جنوبی ریاست میں شدید تشدد کی لہر کے دوران ہوا ہے جس میں جنوری سے اگست تک 500 افراد مارے گئے ہیں۔

گورنر نے بھی پادری کے قتل کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج شہر ایک مخلص انسان سے محروم ہوگیا۔ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔