امریکا میں ہیلی کاپٹر ریڈیو ٹاور سے ٹکراگیا؛ 4 ہلاکتیں

ہیوسٹن: امریکا میں نجی ملکیت والے ہیلی کاپٹر نے ایلنگٹن فیلڈ سے ایک بچے سمیت 4 افراد کو لے کر پرواز بھری تھی اور حادثے کا شکار ہوگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہیوسٹن میں پیش آیا جہاں ایک نجی ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران ریڈیو ٹاور سے ٹکراگیا اور اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔

جلتا ہوا ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا اور اس میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایلنگٹن فیلڈ سے پرواز بھرنے والے ہیلی کاپٹر کی منزل کا پتا نہیں چل سکا۔ خوش قسمتی سے جہاں ہیلی کاپٹر گرا وہاں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت اہل خانہ سے اجازت کے بعد جاری کی جائیں گی۔

دوسری جانب نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔