کراچی میں رواں ہفتے گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان

نومبرکے وسط سے موسم قدرے بہترہونا شروع ہوگا، چیف میٹرولوجسٹ


Staff Reporter October 21, 2024
فوٹو: فائل

بلوچستان کی دومختلف سمتوں کی ہوائیں شہرمیں اثراندازہونے کے سبب رواں ہفتے گرمی کی لہرمزید برقراررہ سکتی ہے، اکتوبرکے اوسط سے درجہ حرارت 4ڈگری تک بڑھ سکتا ہے،پیرکوپارہ 37.5ڈگری ریکارڈ ہوا۔

پیرکوکراچی میں گرم ومرطوب موسم رہا، دوپہرکےوقت قدرے حدت محسوس کی گئی، محکمہ موسمیات کےمطابق شہرکا زیادہ سے زیادہ پارہ گذشتہ روزکے مقابلے میں 1.6ڈگری کمی سے37.5ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا، تاہم ہوامیں نمی کاتناسب گذشتہ روزکے مقابلے میں 13فیصد زیادہ رہا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کےمطابق شہرمیں گرمی کی حالیہ لہرمزید 4 تا 5 روز برقرار رہنے کا امکان ہے، دن کے وقت پارہ اوسط سے 3 تا 4 اضافے سے 38 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔

سمندری ہوائیں غیرفعال/ زیادہ تر شمال مشرق وشمال مغرب سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، سجاول،ٹھٹھہ، حیدرآباد، میرپورخاص،عمرکوٹ اور تھرپارکر بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، منگل کو عمرکوٹ اورتھرپارکر میں گرج چمک،آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفرازکے مطابق رواں ماہ کے اوائل کے دوران شہرمیں نچلی سطح کی فضاؤں میں ہواکے زیادہ دباؤکی وجہ سے گرمی کی جزوی لہرریکارڈ ہوئی،تاہم حالیہ گرمی کی لہرہواؤں کی سمت تبدیل ہونے کی وجہ سے ہے،جس کے دوران سمندرکی جنوب مغربی ہوائیں مختصروقت کے لیے(صبح سےدوپہر)کےدرمیان غیرفعال رہ سکتی ہیں۔ گرمی کی لہرکے دوران ہیٹ ویوجیسی صورتحال کا کوئی امکان نہیں ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق نومبرکے وسط سے موسم قدرے بہترہونا شروع ہوگا،جس کے دوران صبح ورات کے وقت خنکی میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں