
اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی سے حیدری مارکیٹ جاتے ہوئے بلاک ایچ سروس روڈ پر قائم جھومر شادی لان کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس دوران ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول سروس روڈ پر پارکنگ میں کھڑی ہوئی اپنی سفید رنگ کی آلٹو کار کے پاس پہنچا ہی تھا کہ اس دوران اسے عقب سے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا مقتول کو پشت پر ایک گولی لگی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 50 سالہ فضل زمان کے نام سے کی گئی جبکہ مقتول کی جیب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے جاری این او سی لیٹر ملا ہے جو کہ گلشن معمار کے سیکٹر زیڈ کے ایک کمرشل پلاٹ پر قائم دکانوں کے حوالے سے جاری کیا گیا تھا۔
مقتول عزیز آباد کا رہائشی اور رینجرز سے ریٹائر تھا جو پراپرٹی کا کام کرتا تھا تاہم ابتدائی طور پر واقعہ پراپرٹی یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ پولیس جائے وقوعہ پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر کے ان کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے تاکہ ملزمان کے حوالے سے کوئی سراغ مل سکے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔