پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اہم ترین اجلاس کا اعلامیہ جاری

  اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے ہونے والے اہم ترین اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے مکمل طور پر الگ رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم پر پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں رائے شماری کے دوران پارٹی پالیسی کی خلاف ووٹ دینے والے اراکین کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لانے کی منظوری دی گئی۔

آئینی ترمیم کو ووٹ دینے والے اراکینِ پارلیمان کی بنیادی جماعتی رکنیت کی منسوخی سمیت ان کے خلاف حتمی تادیبی کارروائی پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارٹی سے روابط منقطع کرنے والے دیگر اراکین کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔

شوکاز نوٹسز کے ذریعے ان اراکینِ پارلیمان سے پارٹی سے روابط منقطع کرنے اور حکومتی حلقوں سے روابط قائم کرنے سمیت متعلقّہ معاملات کی خلاف ورزی پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا جائے گا۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ان اراکین کے شوکاز نوٹس کے جوابات کی روشنی میں ان کے آئندہ کے مستقبل کا تعین کیا جائے گا۔