دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت منظور

  اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں رہنما پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اعظم سواتی کی ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی  سماعت کی اور تھانہ سنگجہانی میں دہشت گردی کی دفعات پر درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے  20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی۔ اعظم سواتی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ اعظم سواتی کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ پر دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

اعظم سواتی کی دورہ افغانستان کیلیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست

دوسری جانب  پاشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے رہنما اعظم سواتی کی افغانستان جانے کے لیے اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔  درخواست کی سماعت چیف جسٹس ابراہیم اشتیاق اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی  آفیشل ویزہ پر افغانستان جانا چاہتے ہیں۔  درخواست گزار سنیٹر رہ چکے ہیں  اس کے باوجود حکومت آفیشل ویزہ جاری نہیں کررہی۔  حکومت نے درخواست گزار کا نام ای سی ایل ،پی این آئی ایل میں شامل کیا ہے۔

چیف جسٹس اشتیاق ابرہیم نے ریمارکس دئیے کہ  کوئی اور لسٹ ہو تو اس میں بھی نام ڈال دیں۔  عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے ،پارسپوٹ امیگریشن اور سیکرٹری داخلہ سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔