آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ ٹیم کی طرح وائٹ بال ٹیم میں بھی بڑی تبدیلیاں کرنے کی ٹھان لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کیلئے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ممکنہ طور پر کپتان بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ ٹیم سے فخر زمان، شاداب خان اور افتخار احمد کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
دورہ آسٹریلیا کیلئے فخر زمان فٹنس مسائل، شاداب خان کی ناقص فارم انہیں اسکواڈ سے باہر کرواسکتی ہے جبکہ افتخار احمد کی شمولیت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔
مزید پڑھیں: دورہ آسٹریلیا؛ قومی ٹیم کا کپتان کون ہوگا؟ اعلان چند روز میں متوقع
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے سینئیر کرکٹرز بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا ہے۔
بورڈ کا موقف ہے کہ تینوں کرکٹرز کو ڈراپ نہیں بلکہ آرام کروایا گیا ہے تاکہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کم بیک کرسکیں۔
مزید پڑھیں: زمبابوے کیخلاف سیریز؛ اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ
دورہ آسٹریلیا میں اسپنر شاداب خان کی جگہ سفیان مقیم اور مہران ممتاز کو شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ کامران غلام، قاسم اکرم، عرفات منہاس اور یاسر خان بھی پلئینگ الیون میں جگہ بناسکتے ہیں۔